فیفا ورلڈ کپ 2022: قطر کے قوانین جان کر ارجنٹائن کی صحافی حیران

November 21, 2022

ویڈیو گریب

قطر میں موجود انصاف کے نظام کے بارے میں جان کر ارجنٹائن کی صحافی کنفیوژن اور حیرانی میں مبتلا ہوگئیں۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے دوران براہ راست رپورٹنگ کرتے ہوئے ارجنٹائن کی ایک صحافی ڈومینک میٹزگر کے بیگ سے سامان چوری ہوگیا۔

صحافی نے اس واقعہ کی اطلاع جب قطری پولیس حکّام کو دی تو وہ ان کا ردِعمل جان کر بہت حیران ہوئیں کیونکہ قطری پولیس نےصحافی سے پوچھا کہ ’وہ چور کو کیا سزا دینا چاہیں گی‘۔

اس واقعے کے حوالے سے ارجنٹائن کی صحافی نے میڈیا کو بتایا کہ’میں پولیس اسٹیشن گئی اور اسی وقت ثقافتی اختلافات شروع ہوگیا‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’ قطری پولیس نے مجھ سے کہا کہ ہمارے پاس ہر جگہ ہائی ٹیک کیمرے موجود ہیں اور ہم چور کے چہرے کی شناخت کرنے جا رہے ہیں۔ جیسے ہی ہم اسے ڈھونڈ لیتے ہیں تو آپ اسے کیا سزا دینا چاہتی ہیں؟‘

اُنہوں نے مزید بتایا کہ’قطری پولیس نے مجھ سے یہاں تک پوچھا کہ کیا آپ اسے قید کی سزا دینا چاہتی ہیں یا پھر ملک بدر کروانا چاہتی ہیں؟‘

ارجنٹائن کی صحافی ڈومینک میٹزگر کا کہنا ہے کہ انصاف کے لیے ملک میں ایسے نظام کی موجودگی نے اُنہیں تھوڑی کنفیوژن اور حیرانی میں مبتلا کردیا۔