ایچ آئی وی کو ایڈز میں تبدیل ہونے سے روکا جاسکتا ہے، آگاہی سیشن

November 24, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کنٹی نیوئس میڈیکل ایجو کیشن ڈپارٹمنٹ نےکمیونی کیبل ڈیزیز کنٹرول (ایچ آئی وی ایڈز)محکمہ صحت سندھ کے اشتراک سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا ،وائس چانسلر پروفیسرامجد سراج میمن نے کہاکہ ایچ آئی وی ایک وائرس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ متعلقہ شخص ایڈز کا مریض ہے،اگر مناسب وقت پر ادویہ استعمال کی جائیں تو ایچ آئی وی کو ایڈز میں تبدیل ہونے سے روکا جاسکتا ہے، ایچ آئی وی وائرس کے ایڈز میں تبدیل ہونے میں 9 سے10 سال لگ سکتے ہیں اور اِس دوران متاثرہ شخص معمول کی زندگی گزار سکتا ہے، ایسا بھی ممکن ہے کہ یہ وائرس ایڈز میں تبدیل ہی نہ ہو،کمیونی کیبل ڈیزیز کنٹرول (ایچ آئی وی ایڈز ) محکمہ صحت سندھ کی پروونشل ٹریٹمنٹ کوآرڈی نیٹر اور سیشن کی مہمان مقرر ڈاکٹر صائمہ مشتاق شیخ نے بتایاکہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک 7کروڑ 93لاکھ افراد ایچ آئی وی میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے 3 کروڑ63لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے گئے،سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو ہر سال دنیا بھر میں 15لاکھ افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہورہی ہے اور 6 لاکھ 80 ہزار افراد انتقال کر جاتے ہیں جو یومیہ اوسطً1800 اموات کے لگ بھگ ہے۔