کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی والے شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں، کے الیکٹرک یہاں کے بچوں کا مستقبل تباہ کر کے باالواسطہ شہریوں کا مستقبل برباد کر رہی ہے، حق پرست اراکین اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کے الیکٹرک روایتی انداز میں صارفین کے لئے عذاب بنی ہوئی ہے، شہرکے بیشتر علاقوں اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، بلدیہ، صدر، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد اور محمود آباد وغیرہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے، اہالیان کراچی ایک ہی کمپنی کی اجارہ داری کے باعث اسی سے بجلی لینے پر مجبور ہیں جس کا کے الیکٹرک ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین پر مسلسل مظالم کر رہی ہے، لوڈ شیڈنگ سے ایک جانب نہ صرف تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ حالیہ دنوں میں بچوں کے امتحانات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔