قطر ہم جنس پرستوں کو گھلنے ملنے کی آزادی دے، یورپی یونین

November 25, 2022

کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے جمعرات کو ایک قرارداد پاس کرلی جس میں فیفا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قطر اپنے ملک میں ہم جنس پرستوںکو گھلنے ملنے کی آزادی دے ، ورلڈ کپ کی تیاریوں کے دوران ہلاک ہونے والے تارکین وطن کارکنوں کے خاندانوں کے ساتھ ساتھ حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہونے والے کارکنوں کو معاوضہ دینے میں مدد کرے۔ قطری حکام مقابلہ کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات کریں۔ قرارداد میں قطر میں ایل جی بی ٹی کمیونٹی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی رپورٹوں کی بھی مذمت کی گئی اور ملک سے ہم جنس تعلقات کو غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ رائے شماری کے دوران متعدد ممبرز نے OneLove آرم بینڈ پہنے ہوئے تھے ۔ قطری حکومت نے فوری طور پر اس خبر پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔دوسری جانب سوئس سیاسی جماعت گرین پارٹی سوئٹزرلینڈ میں غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر رجسٹرڈ فیفا کی حیثیت کو منسوخ اور اس کی آمدنی پر ٹیکس لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پارٹی کے رہنما ایلین ٹریڈ کا کہنا ہے کہ فیفا غیر منافع بخش ایسوسی ایشن نہیں ہے بلکہ انسانی حقوق کی پشت پر ایک منافع کمانے والی مشین ہے۔ ہم دیگر کمپنیوں کی طرح فیفا پر اس کے سائز کے مطابق ٹیکس کے نفاذ کیلئے پارلیمنٹ میں تحریک پیش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ قطر ورلڈکپ میں ’’ون لو‘‘ آرم بینڈ پر پابندی یقینی طور پر بہت بری ہے۔ آرم بینڈز کا مقصد ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خلاف رواداری اور مخالفت کا پیغام دینا ہے۔