حسن احمد نے سنیتا مارشل کے انٹرویو پر ردعمل ظاہر کردیا

November 25, 2022

فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار حسن احمد کا اپنی اہلیہ اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل سامنے آگیا۔

انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے اپنے شوہر، اداکار حسن احمد کے کیریئر کے آغاز میں آنے والے نشیب و فراز سے متعلق متعدد انکشافات ایک انٹرویو کے دروان کئے تھے۔

جس پر حسن احمد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سنیتا مارشل نے جو کچھ کہا وہ ان کا اپنا نظریہ ہے جو مجھ سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنیتا کی کہی ہوئی کافی باتیں درست نہیں ہیں، اور اگر درست بھی ہیں تو وہ باتیں میاں بیوی کے درمیان ہی رہنی چاہئے، ہر چیز پبلک نہیں کرنی چاہیئے۔

باقی اپنے کیریئر میں آنے والے نشیب و فراز کے حوالے سے بات کرنے کا حق صرف مجھے ہے، کسی اور کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔

یہ فیصلہ بھی میں کروں گا کہ مجھے اس حوالے سے بات کرنی ہے یا نہیں۔

وہ انٹرویو دیکھ کر محسوس ہو رہا ہے کہ مجھ پر ترس کھایا جارہا ہے، جو مجھے بالکل پسند نہیں آیا، کیونکہ میں ایک مضبوط انسان ہوں۔

اس لیے مجھے یہ چیز بالکل صحیح نہیں لگی اور ان کی وضاحت کرنا ضروری تھا۔