پاکستان اور ترکیہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں، صدر طیب اردوان

November 25, 2022

ترک صدر طیب اردوان تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔

پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ تعاون سے تیار کردہ بحری جہاز ملجم کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں۔

صدر طیب اردوان نے کہا کہ تقریب میں شرکت کرنے پر اپنے بھائی شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ دفاعی تعاون باہمی تاریخی تعلقات کا اہم ستون ہے، دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

صدر اردوان نے کہا کہ پاک اور ترک ماہرین ملجم منصوبے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ دفاع سمیت ہر شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملجم منصوبہ دو طرفہ مضبوط دفاعی تعلقات کا عکاس ہے، پاکستان اور ترکیہ مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔

صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی۔