سیکرٹری صحت کے 11 ہسپتالوں کے دورے، حاضری چیک کی

November 28, 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر ) سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایک ہی روز شہر کے 11 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کئے اور ان ہسپتالوں کے ایمرجنسی، میڈیکل، گائنی، بچہ، ڈینگی وارڈز اور آپریشن تھیٹرز میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فارمیسی میں ادویات کا ریکارڈ، ڈاکٹرز و سٹاف کے حاضری رجسٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ایم ایس صاحبان نے سیکرٹری صحت کو طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔ جن ہسپتالوں کا دورہ کیا گیا ان میں گورنمنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں میر، غازی آباد ہسپتال، قلعہ گجر سنگھ ہسپتال سول لائنز، پاتھی گراؤنڈ گائنی ہسپتال، شاہدرہ گائنی ہسپتال بند روڈ، چوہان روڈ گائنی ہسپتال، انفیکشن ڈیزیز ہسپتال بلال گنج ہسپتال، سوڈیوال میموریل ہسپتال، سوامی نگر آئی اینڈ گائنی ہسپتال اور نیوکرول گائنی ہسپتال شامل ہیں جہاں ڈاکٹر ارشاد احمد نے طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ہیلتھ فیسلیٹیز کا تفصیلی معائنہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوور سٹاف کی ریشنلائزیشن کی جائے گی۔ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا کہ سوامی نگر ہسپتال میں عوامی آگاہی کے لئے ڈینٹل کلینک کے فلیکس نمایاں جگہ پر لگانے کے ساتھ ساتھ بچوں، گائنی اور ہیپاٹائیٹس کے کیمپ لگائے جائیں ۔سیکرٹری صحت نے ایم ایس صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں کے ناکارہ سامان فوری ٹھکانے لگایا جائے ۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت کے ہمراہ سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر شعیب گورمانی اور ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی بدرالرحمن بھی تھے۔