مراکش سے شکست پر بلجیم میں ہنگامے پھوٹ پڑے

November 29, 2022

بلجیم(نیوز ڈیسک)فٹبال ورلڈکپ میں فیورٹ بلجیم کو مراکش کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے اَپ سیٹ شکست اور قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عوام غصے میں آگئے اور سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا جب کہ فتح کا جشن منانے والے مراکشی شہریوں سے بھی مڈ بھیڑ ہوئی۔بلجیم میں مراکشی نسل کے تقریباً 5 لاکھ افراد رہتے ہیں جنہوں نے اپنے ملک کی فتح کا جشن بھی منایا۔ مقامی آبادی جو پہلے ہی شکست پر غصے میں تھی، مراکش شہریوں سے جھگڑ پڑی۔اپنی قومی ٹیم کی اس غیر متوقع شکست پر بلجیم کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے دارالحکومت برسلز میں دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، گاڑیوں اور ٹائر کو نذر آتش کیا ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا، مظاہرین نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر بھی لاٹھیوں سے حملہ کردیا، کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے واٹرکینن اور آنسو گیس کا بے دریخ استعمال کیا،پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ایک صحافی سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے، ایک کار اور 6الیکٹرک موٹر سائیکلوں کو جلادیا گیا،ہنگامہ آرائی پر 11افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک کو لاک اپ کردیا گیا۔ گرفتاریوں پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور تقریباً 50افراد کے ایک گروہ نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا۔ دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں اور پولیس کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔