روس پر یوکرین میں جنگی جرائم کرنے کا امریکی الزام

November 29, 2022

واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکہ نے روس پر یوکرین میں جنگی جرائم کرنے کا الزام عائد کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ روس نے یوکرین میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو قتل کیا ہے۔ امریکی ترجمان نے یوکرین میں شہریوں پر حملوں اور ان کی ملک بدری کے واقعات کی تحقیقات میں تعاون کا بھی اعلان کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس پر جنوبی خیر سون کے علاقے میں سیکڑوں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کاروں نے 400سے زیادہ روسی جنگی جرائم کی دستاویزات جمع کیں اور شہریوں اور فوجیوں کی لاشیں برآمد کیں۔ ادھر روس کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوجیوں نے 10 سے زائد روسی جنگی قیدیوں کو پھانسی دی ۔ ماسکو نے مغرب پر الزام لگایا کہ اس نے یوکرینی فوج کے ہاتھوں مبینہ جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کو 9ماہ مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر یوکرینی صدر نے روس کے خلاف مزاحمت پر اپنی قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین نے آزادی کی ایک بھاری قیمت ادا کی اوروہ یہ قیمت آئندہ بھی ادا کرنے کو تیار ہے۔دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ یوکرینی عوام کیا کرنے کے قابل ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں اب تک مجموعی شہری ہلاکتیں 8ہزار 300سے تجاوز کر چکی ہیں۔