فیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں حیران کن نتائج

November 29, 2022

فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ حیران کن نتائج کے ساتھ ختم ہونے کو ہے۔ میزبان قطر کا سفر بھی اختتام پذیر ہوچکا ہے، سعودی عرب اور جاپان نےابتدئی میچوں میں بڑی ٹیموں کو دھول چٹوا دی۔ پہلی بار اسلامی ملک میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے دوران اسلامی تہذیب و تمدن اور اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا جارہا ہے، ایونٹ کے دوران جہاں قطر اسلامی تعلیمات کے پرچار سے دیگر تمام اسلامی ممالک کے دل جیت رہا ہے وہیں جاپانیوں نے افتتاحی میچ کے بعد اسٹیڈیم میں موجود رہ کر جو کام کیا اس نے پوری دنیا میں ان کی ترقی اور آگے بڑھنے کا راز کھول دیا۔

میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم میں موجود جاپانی وہیں رکے رہے اور اسٹیڈیم خالی ہونے کے بعد پورے اسٹیڈیم میں پڑا کچرا اٹھایا جس کے مناظر وہاں موجود منتظمین نے کیمرے میں محفو کرلئے۔ میزبان منتظم کے اس سوال پر کہ یہ ایونٹ آپ کا تو نہیں ہے ،کیوں کچرا اٹھا رہے ہیں جاپانی خاتون نے جواب دیا جاپانی قوم کبھی کچرا چھوڑ کر نہیں جاتی ہم جگہ کا احترام کرتے ہیں۔ بلاشبہ اس احساس اور ذہنی سوچ نے آج جاپانی قوم کو دنیا کی کامیاب ترین قوم بنا دیا ہے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان قطر کو ایکواڈور کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا رہا۔ فیفا ورلڈ کپ کے گزشتہ 21 ایڈیشن میں یہ پہلا موقع ہے جب میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو بار فٹ بال عالمی کپ جیتنے والی اور ٹاپ کھلاڑیوں سے لیس ارجنٹائن کو فیفا رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی عرب نےحیران کن شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔ سعودی کھلاڑوں نے کما ل کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن کھلاڑیوں کو بھگا بھگا کر تگنی کا ناچ نچوایا ۔ سعودی عرب کی یہ فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کی تاریخ کی بہترین کارکردگی ہے۔

سنسنی خیز مقابلے میں سعودی عرب نے 2-1 کی فتح حاصل کرکے مسلم دنیاکو بھی خوشی کا موقع فراہم کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹائن نے گول کرکے برتری حاصل کی لیکن دوسرے ہاف میں سعودی کھلاڑیوں نے نہ صرف میچ کو اپنے قابو میں کیا بلکہ دو تاریخی گول بھی داغ دیئے۔ ارجنٹائن کی جانب سے اسٹار فٹبالر لیونل میسی پینلٹی پر گول کیا جبکہ سعودی عرب کی جانب صالح شہیری سلیم الدوسری نےگول اسکور کئے۔

سعودی کھلاڑیوں نے میچ کے دوران بے تحاشہ فائول کئے ان کے چھ کھلاڑیوں کو یلو کارڈز کا سامنا کرنا پڑا۔ سعودی عرب کے گول کیپر الاویس نےکم سے کم 5 یقینی گول بچائے۔ سعودی عرب کی اس کامیابی کو فیفا ورلڈکپ فٹ بال کے دس بڑے اپ سیٹس میں شامل کرلیا گیا ہے۔

تاریخی میچ کے دوران یاسر الشہر اپنے ہی ٹیم کے گول کیپر محمد ال اویس سے ٹکرا گئے تھےجس کے نتیجے میں ان کا جبڑا اور چہرے کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور اندورنی چوٹ لگی انہیں طبی امداد کے لئے دوحہ کے حماد میڈیکل سٹی لے جایا گیا جہاں خون روکنے کے لئے ان کا سرجیکل پروسیجر کیا گیااور خصوصی طور پر ایئرلفٹ کر کے ریاض کے نیشنل گارڈ اسپتال پہنچادیا گیا ہے، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔

ان کے علاوہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز میں زخمی ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایرانی گول کیپر تھے وہ انگلش ٹیم کے خلاف مقابلےکے ساتھی کھلاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم ان کی حالت بہتر قرار دی جارہی ہے۔ دوسرا بڑا اپ سیٹ جاپان کی ٹیم نے جرمنی کو ہرا کر کیا۔ چار بار عالمی چیمپئن رہنے والی اور عالمی رینکنگ میں گیارہ نمبر پر براجمان ٹاپ کھلاڑیوں پر مشتمل جرمنی کو عالمی نمبر 24 جاپانی ٹیم نے زیر کرکے آئندہ میچز کیلئے نسبتاً ہلکی ٹیموں کو پیغام دے دیا ہے کہ اگر محنت اور بھرپور لگن سے جیت کیلئے میدان میں اترا جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیم کو بھی شکست دی جاسکتی ہے، جاپانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں خسارے میں جانے کے بعد دوسرے ہاف میں جرمنی کے دانت کھٹے کردیئے اورٹورنامنٹ کیلئے مضبوط سمجھی جانے والی جرمنی کی ٹیم کو شاندار مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دی۔ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سابق عالمی چیمپئن جرمنی نے الکے گنڈوگن نے جاپانی کھلاڑی کی غلطی پر ملنے والی پنالٹی پر آسان گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔

اس کے بعد جرمن کھلاڑی نے ایک اور گول کیا لیکن ریفری نے اسے فائول قرار دیدیا جس کی وجہ سے جاپانی ٹیم دو صفرکے خسارے سےبچ گئی۔ جاپانی کھلاڑیوں نے بھی پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

دوسرے ہاف میں جاپانی ٹیم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور واپس آتے ہی شاندار کارکردگی سے جرمنی پر دبائو بڑھایامیچ کے 75 ویں منٹ پر جاپان کے رستو ڈوان نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابراور تکوما آسانو نے 83 ویں منٹ میں گول کرکے نہ صرف جاپان کی برتری کو ڈبل کیا بلکہ اسے میچ میں فتح دلوا دی۔

ٹورنامنٹ میں انگلش ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نسبتاً آسان حریف ایران کو باسانی 6-2 سےزیر کیا۔انگلینڈ نے پہلے اور دوسرے ہاف میں تین تین گول کئے جبکہ ایران کے دونوں گول مہدی تریمین نے دوسرے ہاف میں کئے۔ گروپ اسٹیج بی میں تھوماما اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے سست روی سے کھیل کا آغاز لیکن اس کے بعد35 میں منٹ میں کھیل تیزی آئی اور انگلش کھلاڑی جوڈ بیلنگہام نے گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی ۔43 ویں منٹ میں ساکا نے اپنا پہلا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رحیم اسٹرلنگ نے کراس ہٹ پر خوبصورت گول کرکے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر انگلینڈ کو تین صفر کی برتری حاصل کی۔ دوسرے ہاف میں بھی انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ایران پر دبائو برقرار رکھا62 ویں منٹ میں ساکا نے ٹیم کا چوتھا اور اپنا دوسرا گول کیا۔بالاخر ایرانی کھلاڑی مہدی تریمی نے 65 ویں منٹ میں گول کرکے ایران کا خسارہ 4-1 کیا۔ انگلینڈ کے مارکس رشفورڈ نے 71 منٹ میں گول کرکے اسکور 5-1 کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم کا چھٹا گول گریلیش نے بنایا جبکہ انجری ٹائم میں انگلینڈ کے کھلاڑی کے فائول کرنے نے ایران کو پنالٹی کک ملی جس پرمہدی تریمی نے 2-6 کیا۔

ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن فرانس کی کارکردگی آسٹریلیا عمدہ رہی ۔ فرانس نے میچ میں کو4-1کی فتح اپنے نام سمیٹ کر عمدہ آغاز کیا۔ اگرچہ میچ میں آسٹریلیا نے گریگ گڈون کے گول کی بدولت کھیل کے نویں منٹ میں چیمپئن ٹیم کے خلاف برتری حاصل کرلی تھی لیکن اس کے بعد فرانسیسی کھیل پر چھا گئے اور رابیوٹ نے 27ویں منٹ میچ گول کرکے میچ ایک ایک گول سے برابرکیا۔ 32ویں منٹ میں جیرائوڈ نے فرانس کا دوسرا گول کیا۔ دوسرے ہاف میں بھی فرانسیسی چھائےرہے اور آسٹریلوی گول پرمسلسل حملےکئے۔ 68 ویں منٹ میچ ساتھی کھلاڑی کےکراس پرایم باپے نےہیڈر کےذریعے خوبصورت گول کرکے فرانس کااسکور 3-1 کیا۔

تین منٹ بعد جیرائوڈ نے بھی ہیڈر کے ذریعے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول کرکے فرانس کو 4-1 کی فتح دلوا دی۔فیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں گروپ کے حالیہ کھیلے گئے میچوں سب سے بڑی فتح اسپین کے حصے میں آئی ہے۔ سابق عالمی چیمپئن نے اس میچ میں سات صفر کی فتح اپنے نام کی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک تو سابق عالمی چیمپئن اسپین کی کوسٹاریکا کے خلاف دو گول کی برتری تھی لیکن دوسرے ہاف کے آخری منٹوں میں تو اسپین نے کوسٹاریکا کی لنکا ہی ڈھا دی اور مسلسل گول کرکے اس کا حشر نشر کردیا۔

میچ کے بعد تبصرہ کرنے والے کہتے رہے کہ اگر اسپین کو دس منٹ اور مل جاتے تو وہ اپنا اسکور ایک د رجن تک پہنچا دیتے۔ورلڈ کپ فٹ بال کے شاندار انعقاد اوراسے کامیاب بنانےکیلئے نہ صرف قطری حکومت کی تمام امور پر نظر ہے بلکہ فیفا بھی ایونٹ کے دوران ہونے والی منفی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ میکسیکن شائقین کے پولینڈ کے خلاف میچ کے دوران شدید ہلڑ اور نعرے بازی پر فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گروپ سی میں میکسیکو اور پولینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران میکسیکن شائقین نے مخالف کھلاڑیوں اور ٹیم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔شائقین اپنی ٹیم کی جانب سے گول نہ کئے جانے پر برہم تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے میکسیکن فٹ بال ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی فیفا ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 13 کی بنیاد پر شروع کی ہے۔