انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہمراہ آئے شیف عمر مزیان کون ہیں؟

November 29, 2022

فائل فوٹو

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ صرف ان کے کھلاڑی ہی پاکستان نہیں آئے بلکہ ان کے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ برینڈن میک کولم اور ٹیم کے مراکش شیف عمر مزیان بھی پاکستان آئے ہیں۔

عمر مزیان گزشتہ دو دہائیوں سے کوکنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہیں یہ شوق اپنے والد سے ملا جن کا ایک ریسٹورنٹ تھا۔

عمر مزیان کا کھیلوں کی دنیا سے تعلق 2009 میں قائم ہوا اور وہ انگلینڈ کی مختلف ٹیموں سے وابستہ رہ چکے ہیں جن میں کرکٹ، رگبی، فٹبال اور روئنگ قابل ذکر ہیں۔

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم 2018 کے عالمی کپ اور یورو 20 فٹبال میں ان کے تیار کردہ کھانوں سے لطف اندوز ہوچکی ہے۔ کھیلوں کی دنیا سے اس تعلق کے باوجود عمر مزیان نے خود کوئی بھی کھیل نہیں کھیلا۔البتہ وہ لندن میراتھن میں 2 مرتبہ حصہ لے چکے ہیں۔

عمر مزیان نے رگبی کے مشہور کھلاڑی جیمز ہاکزیل کے ساتھ کوکنگ پر ایک کتاب بھی تحریر کی ہے۔

فائل فوٹو

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ غیر ملکی دورے میں کرکٹ ٹیم کے ساتھ شیف رہا ہو۔ اسی سال پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ بھی شیف موجود تھا لیکن اس بات کا زیادہ چرچا نہیں ہوا بلکہ آسٹریلوی کرکٹرز کافی مشین اور کافی کی بینز بھی اپنے ساتھ لائے تھے۔

2013 میں جب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ایشز سیریز کھیلنے آسٹریلیا گئی تو اس دورے میں اس کے کھانے پینے کا معاملہ ان ہی شیف عمر مزیان نے سنبھالا ہوا تھا۔

رواں سال جب انگلش ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی اس وقت معین علی نے کراچی کے کھانے کو لاہور سے بہتر قرار دیا تھا۔

پاکستان کے دورے سے واپس جانے کے بعد انگلینڈ کے کچھ کھلاڑیوں نے کھانے کے معیار کے بارے میں شکایت کی تھی جس کے بعد اب پاکستان آنے والی ٹیسٹ ٹیم کے اسٹاف میں ایک شیف کی شمولیت بھی عمل میں آئی ہے حالانکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اس دورے کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے بیمار ہونے یا پیٹ خراب ہونے کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔

عام طور پر غیرملکی دوروں پر ٹیموں کی کیٹرنگ کی ذمہ داری میزبان کرکٹ بورڈ کی ہوتی ہے تاہم اس سلسلے میں ان ٹیموں کی پسند کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ کھلاڑی کس طرح کا کھانا چاہتے ہیں۔

غیرملکی ٹیمیں جن ہوٹلوں میں قیام کرتی ہیں وہاں بھی ان کی پسند اور ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔ غیر ملکی دوروں میں مسلمان کرکٹرز کی موجودگی میں حلال گوشت کو بھی بڑی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔