سندھ فتح کرنے کی باتیں کرنے والا عمران یہاں آکر تو دکھائے، پی پی، یوم تاسیس پر راول ہاؤس میں تاریخی جلسہ

November 30, 2022

حیدرآباد( بیورو رپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران نیازی سندھ فتح کرنے کی باتیں کرتا ہے ، ہم کہتے ہیں کہ سندھ میں آ کر تو دیکھائے پھر دیکھیں یہ عوام آپ کا کیا حشر کرتی ہے،نیازی سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے ، پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں اور کارناموں سے بھری ہوئی ہے،ووٹ سے آنےوالی عوامی حکومت سیلاب متاثرین کو گھر بناکر دیگی ۔ پی پی پی کے 55 ویں یوم تاسیس کے موقع پر راول ہاؤس راہوکی میں تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر نے کہاکہ اس وقت ملک میں ایک ایسا شخص عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہے اور نوجوان نسل کو اداروں اور ملک کے خلاف سازشیں کرنے کی ترغیب دے رہا ہے، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی ہم سب کو ہے لیکن کرکٹ ٹیم میں 11 کھلاڑی ہوتے ہیں جبکہ وہ شخص سمجھتا ہے کہ وہ صرف اکیلا ورلڈ کپ جیتا ہے، عمران نے الیکشن کمیشن ، عدلیہ اور ججزکی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ،اداروں پر حملے کیے ، عمران خان کیا قانون سے بالا تر ہے ؟ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں اور عمران خان سے بھی قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیلاب زدگان کے پیسے اپنے لانگ مارچ پر لگا دیئے جب کہ پوری دنیا میں عمران خان پر گھڑی چور کے نعرے لگ رہے ہیں ، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دنیا آ رہی تھی لیکن عمران خان نے جعلی لانگ مارچ کا ڈرامہ رچایا،عمران خان نے چندا چوری کیا ، منی لانڈرنگ کی ، ملک کے قومی خزانے پر ڈاکے مارے ، ایمنسٹی اسکیمیں حاصل کیں اور توشہ خانے کا سامان بیچا، ہم پہلے سمجھے تھے کہ ایک گھڑی چوری ہوئی ہے لیکن پھر ایک اینکر نے بتایا کہ انہوں نے گھڑی چوری میں بھی ہیٹرک کی ہے ۔جلسے سے خطاب میں شرجیل میمن کاکہناتھاکہ پی پی کی قربانیوں اور کارناموں کی ایک تاریخ ہے ، ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو مسلم دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا ،پاکستان کو آئین دیا اورہمارے قائد نے صحت کی سہولتوں ، کسانوں اور مزدوروں کے لیے پالیسی بنائی جس پر ہمیں فخر ہے۔