جاپان: کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، پاکستانی سفیر

November 30, 2022

جاپان میں متعین پاکستانی سفیر رضا بشیر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی ہر ممکن اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، دیار غیر میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی و کشمیری بھی ہر سطع پر کشمیر کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل جاپان میں معروف کشمیری تنظیم کشمیر یکجہتی فورم کے چئیرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ کی زیر قیادت ایک نمائندہ وفد نے سفیر پاکستان سے سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو میں خصوصی ملاقات کی۔

وفد میں جاپان کی ممتاز کشمیری سیاسی سماجی دینی شخصیات جن میں شاہد مجید ایڈووکیٹ، مغل عبدالمجید، قاری علی حسن، فیاض الدین، رانا آفتاب عالم، علی حیدر، یاسین خان، مرزا خلیل بیگ اور جاپانی مسلم محمد یونس نے جاپان ایمبیسی ٹوکیو میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر رضا بشیر سے طویل ملاقات کی۔

وفد نے سفیر پاکستان کو ٹوکیو میں تعیناتی پر مبارک دی اور خوش آمدید کہا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے، ملاقات میں مسلئہ کشمیر سمیت جاپان میں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر معاملات پر طویل گفتگو کی گئی۔

سفیر پاکستان سے جاپان میں مقیم پاکستانی کشمیریوں کے وفد نے جاپان میں مسلئہ کشمیر کو مزید اجاگر کرنے کے لیے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سفیر رضا بشیر تارڑ نے وفد کا خیر مقدم کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

معروف کشمیری شاہد مجید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفیر پاکستان ٹوکیو رضا بشیر وزارت خارجہ کے سینئر افسر ہیں اور بہت سے ممالک میں سفارتکاری کے میدان میں خدمات انجام دے چکے ہیں، کشمیری کمیونٹی ان سے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

شاہد مجید نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خاتمے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر جاپان میں ہر سطع پر آواز بلندکیجاتیرہےگی۔