میگھن مارکل کو قتل کی دھمکیاں دی گئیں، سابق سربراہ انسداد دہشتگردی

November 30, 2022

فائل فوٹو

برطانیہ کے سینئر پولیس افسر نیل باسو نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہی خاندان کے ساتھ رہائش کے دوران میگھن مارکل کو قتل سمیت سنگین دھمکیوں کا سامنا رہا۔

نیل باسو نے کہا کہ انسداد دہشتگردی سربراہ کی حیثیت سے مجھے انتہاپسندوں کی طرف سے میگھن مارکل اور ان کے خاوند شہزادہ ہیری کو دی جانے والی دھمکیوں سے نمٹنا ہوتا تھا۔

یہ بات سینئر پولیس افسر نے برطانوی چینل کو انٹرویو کے دوران کہی۔

ان دعووں سے شہزادہ ہیری کے ان خدشات کی تصدیق ہوئی جس میں انہوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے متعلق آگاہ کیا تھا۔

نیل باسو 30 سال لندن میٹروپولیٹن پولیس میں خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میگھن کی زندگی کو واقعی میں خطرات تھے اور انہیں ملنے والی دھمکیاں اصل بھی تھیں اور نہایت سنگین بھی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ان دھمکیوں کی تحقیقات کی گئیں، دھمکیاں دینے پر متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری نے سرکاری سیکیورٹی واپس لینے پر برطانوی حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔