پانچ متبادل پلیئرز کے قانون نے فٹبال کو بدل کر رکھ دیا، فیفا ایکسپرٹ

December 01, 2022

دوحا (جنگ نیوز) اے سی میلان اور جاپان کے سابق کوچ البرٹو زکرونی نے کہا کہ پانچ متبادل کھلاڑیوں کے اصول کے نفاذ نے کھیل کو تبدیل کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ورلڈ کپ میں اعلیٰ معیار کے میچ ہورہے ہیں۔ فیفا کے تکنیکی مطالعاتی گروپ میں شامل زکرونی نے کہا کہ یہ تبدیلی تھکاوٹ سے بچنے کا ایک شاندار طریقہ ہے۔ اب ہم میچ کے آخر تک اعلیٰ معیار کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اسی بدولت کھیل کے اختتام پر بہت سے گول دیکھنے کو ملے۔ بین الاقوامی فٹ بال ایسوسی ایشن بورڈ نے مئی 2020میں کوویڈ کے سبب ڈومیسٹک لیگز میں متبادل کھلاڑیوں کی تعداد تین سے بڑھا کرپانچ کرنے کی اجازت کا عارضی قانون منظور کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون مضبوط گہرائی والی ٹیموں کیلئے انتہائی مفید ہے۔ خاص کر اگر آپ ایک مضبوط بینچ رکھتے ہیں،یعنی بینچ پر ویسے ہی کھلاڑی ہیں جو میدان میں موجود ہیں تو آپ جیت سکتے ہیں۔