معذور افراد کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں، امیرالعظیم

December 01, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ معذوروں کے عالمی دن کو روایتی نہیں بلکہ شاندار طریقہ سے منایا جانا چاہیے۔ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا جائے اور انھیں معاشرہ میں عزت و تکریم کے ساتھ مختلف امور سرانجام دینے کی ذمہ داری دی جانی چا ہیے ۔ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے منصورہ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے سپیشل پرسنز میں خصوصی تحائف، ویل چیئرزاور سفید چھڑیاں تقسیم کیں۔امیر العظیم نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پورے سال میں ایک روز کو معذوروں کے نام مختص کیا ہے، ہمیں ہر روز خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہو گا۔ انھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کو تجویز پیش کی کہ معذور افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں۔ اس موقع پرمعذور افراد نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب اورنج ٹرین، میٹرو ٹرین اور سپیڈو بس سروس میں معذور افراد کو مفت سفری سہولت فراہم کرے، احساس کفالت راشن پروگرام میں معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے، آنکھوں کی بینائی اور جسمانی معذور افراد کو ماہانہ دس ہزار مالی امداد دی جائے، معذور افراد کے لیے دستکاری سنٹرز بنائے جائیں، معذوروں کو شادی گرانٹ دی جائے ۔