ایم کیو ایم کو لندن میں پراپرٹی کیس سے روکا تھا، کہا تھا گلے پڑجائیگا، فاروق ستار

December 02, 2022

اکراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کو لندن میں پراپرٹیز کیس داخل نہ کرنے کو کہا تھا اور کہا تھا کہ یہ کیس الٹا ان کے گلے نہ پڑ جائے، لندن کی عدالت میں میرے بیان پر میرے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پرو پیگنڈا کیا جارہا ہے،میرا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں،یہ کیس2020میں داخل کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم نے 2018 میں میری بنیادی رکنیت بھی ختم کردی تھی ،میں آج تک ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ نہیں ہوں، امین الحق نے رابطہ کمیٹی اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی منظوری سے یہ کیس داخل کیا،وہ جمعرات کو اپنی قیام گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ جب یہ کیس دائر کیا گیا تھا اس وقت میں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو لندن عدالت میں یہ کیس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا میں نے ایم کیو ایم پاکستان مشورہ دیا تھا کہ پہلے خود کو مضبوط اور تقسیم و انتشار کو ختم کریں اسکے بعد دیکھا جائے گا کہ کراچی میں کے کے ایف کی جو پراپرٹی ہیں انکے ساتھ کیا کرنا ہے اور لالچی لوگوں سے ان کو کیسے بچانا ہے۔