نیویارک: 300 آئی فونز خرید کر ایپل اسٹور سے باہر نکلنے والا نوجوان لُٹ گیا

December 05, 2022

نیویارک کی ففتھ ایونیو پر واقع ایپل اسٹور، فائل فوٹو

نیویارک کی ففتھ ایونیو میں واقع ایپل اسٹور سے 300 آئی فونز خرید کر باہر نکلنے والا شہری لٹ گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک شخص نے ایپل اسٹور سے 300 آئی فونز خریدے اور انہیں برانڈڈ بیگز میں ڈلوا کر نکل پڑا۔

اپنی پارک شدہ گاڑی تک پہنچنے سے پہلے ہی اس سے 125 آئی فونز چِھن گئے جن کی مالیت 95 ہزار ڈالر تھی۔

نیویارک محکمہ پولیس کے مطابق 27 سالہ نوجوان اسی اسٹور سے باقاعدگی کے ساتھ بڑی تعداد میں آئی فونز خریدتا ہے جنہیں بعد ازاں اپنے چھوٹے کاروبار کے ذریعے فروخت کرتا ہے۔

نوجوان اپنی گاڑی کی طرف جا رہا تھا کہ اس کے پیچھے ایک گاڑی آکر رکی، دو ملزمان گاڑی سے باہر نکلے اور اسے فون حوالے کرنے کا کہا۔

نوجوان نے انکار کیا تو ملزمان نے اس سے بیگز چھیننے کی کوشش کی، اس دوران نوجوان کو مُکا مارا اور آئی فونز سے بھرا ایک بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

ففتھ ایونیو پر واقع ایپل اسٹور 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے اور اس پر بلیک فرائیڈے کی سیل جاری تھی۔