اسلام آباد کا نجی مال سیل کردیا گیا

December 06, 2022

اسلام آباد کے نجی مال کو سیل کر کے دروازے پر نوٹس لگا دیا گیا۔

نوٹس کے مطابق سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر مال کو سیل کیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے نجی مال سیل کرنے کو گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی تکرار سے جوڑ دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تقریر کے دوران کشمیر پر پاکستان کے کمزور مؤقف پر احتجاج ریکارڈ کرایا، جس کے بعد پہلے منگلا میں سردار تنویر الیاس کی گاڑی کو روکا گیا اور آج اسلام آباد میں ان کے کاروبار کو سیل کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں نجی مال کی بندش پر تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے جناح ایونیو بلاک کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز منگلا یونٹ 5 اور 6 کی تجدید کاری کی تقریب کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے درمیان تکرار ہوئی تھی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کئی مرتبہ بولنے کی کوشش کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب ختم کرنے کے کلمات کے دوران بھی وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کچھ کہنے لگے۔