نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ افسران کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ

December 07, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کے 35ویں مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے سینئر افسران کے وفد نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیااور سیکرٹری سروسرز جنوبی پنجاب نوشین ملک سے ملاقات کی، وفد کی قیادت ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ مسعود احمد کررہے تھے۔ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر اور ڈپٹی سیکرٹریز علی عاطف بٹر اور عبدالصبور ٹھاکر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نوشین ملک نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے الگ ترقیاتی بجٹ مختص ہونےسے تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈزدیئے جارہے ہیں اور رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر237 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں،تعلیم، صحت، زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں ترقی حکومت کا اولین ٹارگٹ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صنعت، سوشل ویلفیئر، لیبر اور دیگر ڈیپارٹنمنٹ کو مرحلہ وار جنوبی پنجاب منتقل کیا جائے گا۔جنوبی پنجاب کی آبادی3کروڑ 47 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور ل 23 فیصد آبادی شہروں پر مشتمل ہے۔جنوبی پنجاب میں 40 ہزار939 صنعتی یونٹ کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر سوال جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا اور وفدکے ارکان کی جانب سے پبلک سروس ڈیلیوری بارے سوالات کئے گئے۔وفد کے تمام اراکین کو ملتانی شال اور ملتانی کاشی گری پر مشتمل کپ بھی پیش کیا گیا۔