مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات میں ظاہر نہ کرنے پر عمران سے جواب طلب

December 09, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سربراہ سابق وزیر اعظم ، عمران خا ن کی جانب سے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کی پاداش میں عوامی عہدہ کیلئے تا حیات نااہل قرار دینے سے متعلق محمد ساجد نامی شہری کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاق پاکستان کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دو ہفتےکے اندر اندر جواب طلب کر لیا ہے.

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے انتخابات میں حصہ لینے سے قبل الیکشن کمیشن میں جمع کر ائے گئے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی کا ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کیا اور معلومات چھپائی ہیں حالانکہ انہوں نے یو کے میں رہائش پذیر مبینہ بیٹی کی گارڈین شپ کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں ،اتنی اہم معلومات چھپانے کے بعد اب وہ صادق اور امین نہیں رہے ہیں لہٰذا انہیں بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دیا جائے.

یاد رہے کہ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھاتاہم گزشتہ روز کی سماعت کے بعد عدالت نے درخواست میں بنائے گئے تینوں فریقین وفاق، الیکشن کمیشن اور عمران خان کو پری ایڈمشن نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پردرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کر لئے ہیں۔