کرکٹ بورڈ نے میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبے الگ الگ کر دیے

January 26, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبے الگ الگ کردیے ۔ امجد بھٹی کو ڈائریکٹر پی آر مقرر کیا ہے وہ جلد اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ امجد بھٹی، ڈی جی پی آر اور ماضی میں پی سی بی میں ڈائریکٹر میڈیا رہ چکے ہیں ۔ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کے علاوہ امجد بھٹی کو پی آر کے شعبے میں ذمے داریاں سونپ رہے ہیں۔ پی سی بی نے ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا اور ڈائریکٹر سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن کرنل (ر) آصف محمود کو ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا ہے لیکن سرینا کا نام پی سی بی ویب سائٹ پر موجود ہے ۔ چیف سلیکٹر بننے کے بعد ہارون رشید نے رکن منیجمنٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے ان کا نام بھی ویب سائٹ پر رکن ایم سی کی حیثیت سے موجود ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ کمشنر بننے کے بعد نائلہ بھٹی نے پی ایس ایل کمرشل کے معاملات سنبھال لئے ہیں۔ وہ ماضی میں سپر لیگ اور پی سی بی کے شعبہ مارکیٹنگ کو کامیابی سے چلا چکی ہیں۔ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد انہوں نے پی ایس ایل کے زیادہ تر معاملات سنبھال لئے ہیں جس سے فرنچائز بھی خوش ہیں۔