سرجری سے قبل کیموتھراپی سے آنتوں کا کینسر دوبارہ ہونے کے کم خدمات

January 26, 2023

لندن (پی اے) ماہرینِ صحت نے ایک نئی ریسرچ کو شاندار قرار دیاگیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آنتوں کے کینسر کے ابتدائی مرحلے میں سرجری سے قبل کیموتھراپی سے آنتوں کا کینسر دوبارہ ہونے کے خدشات 28فیصد کم ہوجاتے ہیں۔ یوکےکینسر ریسرچ کے مطابق اس ریسرچ سے ہر سال برطانیہ میں5ہزار مریضوں کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔ فی الوقت کیموتھراپی سرجری کے بعد کینسر کے رہ جانے والے خلیوں کو ختم کرنے کیلئے کی جاتی ہے۔ نئے طریقے کے مطابق مریضوں کو پہلے 6ہفتے کیموتھراپی کرانا ہوگی، جس کے بعد آپریشن ہوگا اور اس کے بعد مزید 18ہفتے کیموتھراپی کرانا ہوگی تاکہ مرض کو مکمل ختم کرنا ممکن ہوسکے۔ برمنگھم اور لیڈز یونیورسٹیوں کی جانب سے برطانیہ، ڈنمارک اور سوئیڈن کے 85ہسپتالوں میں 1,053مریضوں پر آزمائشی FOxTROT ٹرائل سے ظاہر ہوا کہ سرجری سے پہلے اور بعد میں کیموتھراپی سے علاج کے بعد 2 سال کے اندر مرض کے دوبارہ ہوجانے کے خدشات میں 28فیصد کمی ہوگئی۔ اسٹڈی کے دوران مریضوں کے پہلے گروپ کی سرجری سے پہلے 6ہفتے کیموتھراپی کی گئی اور سرجری کے بعد دوبارہ 18ہفتے کی کیموتھراپی کی گئی جبکہ دوسرے گروپ کی آنتوں کے کینسر کا معمول کے مطابق علاج کیا گیا، جس میں سرجری کے بعد 24ہفتے کی کیموتھراپی کی گئی، اس کے نتیجے سے ظاہر ہوا کہ جن مریضوں نے سرجری سے قبل کیموتھراپی کرائی تھی، ان میں مرض کے دوبارہ ہوجانے کے امکانات کم تھے۔ سائنسداں سمجھتے ہیں کہ اس طریقے پر عمل سے ہر سال ہزاروں مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔ برمنگھم ٹرائل یونٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر لارا ماگل کا کہنا ہے کہ آنت کے سرطان کے ہر تیسرے مریض میں سرجری کے بعد بھی کینسر دوبارہ آجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شرح بہت زیادہ ہے اور ہمیں آنتوں کے کینسر کو واپس آنے سے روکنے کیلئے علاج کی نئی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سرجری سے قبل کی جانے والی کیموتھراپی سے کینسر کے تمام خلیوں کے ختم ہوجانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ مجموعی طورپر 699 مریضوں کی سرجری سے قبل کیموتھراپی کی گئی۔ لیڈز یونیورسٹی کے پروفیسر ماتھیو کا کہنا ہے کہ آنتوں کے کینسر کے علاج میں وقت کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور سرجری کے بعد کی بجائے پہلے کیموتھراپی کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔ سرجری سے پہلے کیموتھراپی کے بعد قیمتی دوائوں اور ٹیکنالوجیز کی ضرورت نہیں رہے گی۔ سائنسداں یہ دیکھنے کیلئے کہ معمر افراد بھی قبل از سرجری کیموتھراپی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا نہیں FOxTROT-2 and FOxTROT-3 کے مزید کلینکل ٹرائلز کررہے ہیں۔ یہ ریسرچ کیلنکل آنکولوجی جرنل میں شائع ہوئی۔