خواب میں میّت کا کہنا ’’میں زندہ ہوں، مجھے قبر سے نکالو‘‘

January 27, 2023

تفہیم المسائل

سوال: خواب میں اگر کسی نے اپنے کسی فوت شدہ عزیز کو دیکھا، وہ کہہ رہاہے : ’’ میں زندہ ہوں ،مجھے قبر سے نکالو ‘‘، تو کیا اس خواب کی بنیاد پر اس کی قبرکشائی کی جاسکتی ہے ؟(قاری شاہد نواز ، اوگی مانسہرہ)

جواب: خواب میں کسی مُردے کو فریاد کرتے ہوئے دیکھنے کی تعبیر اُس کی برزخی بدحالی پر محمول کی جائے گی اور لواحقین کو چاہیے کہ اُس کے لیے ایصالِ ثواب کریں، محض خواب کی بنیاد پر قبر کشائی ہرگز نہیں کی جاسکتی۔

حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کے انتقال کے بعد حضرت اُمّ العُلاء انصاریہؓ نے خواب دیکھا، وہ بیان کرتی ہیں: ترجمہ:’’ میں نے خواب دیکھا ہے کہ حضرت عثمانؓ کے لیے ایک چشمہ بہہ رہا ہے، میں نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر اس خواب کا ذکر کیا، آپ ﷺ نے فرمایا: اس سے مراد اس کا جاری رہنے والا عمل ہے ،(صحیح بخاری:7018)‘‘۔

علامہ امام ابن سیرین ؒ لکھتے ہیں: ترجمہ:’’ اگر خواب میں کسی مردے کو دیکھا اور اس سے کچھ پوچھا ،اُس نے جواب بھی دیا تو جو کچھ جواب دیا، وہی تعبیر ہوگی، اس میں کمی بیشی کا امکان نہیں ،یعنی اگر مردے نے کہا:وہ اچھی حالت میں ہے تو تعبیر یہی ہے کہ (عالم برزخ میں) وہ اچھے حال میں ہے، (تعبیرالرؤیا،ص:107)‘‘۔

شریعت کا حکم یہ ہے کہ تدفین کے بعد بلاعذر قبر کھولنا اور میت کو باہر نکالنا جائز نہیں، اللہ تعالیٰ نے اس کے حال کو پردے میں رکھا ہے، پس اسے مستور ہی رہنا چاہیے ، خلافِ شرع اُمور میں خواب کی باتیں معتبر نہیں ہیں، ایسے خواب پر قطعاً عمل نہیں کیاجائے گا۔ تدفین کے بعد میّت اللہ تعالیٰ کے سپرد کردی جاتی ہے اور وہی اس کے حال کو بہتر جانتا ہے اور تبدیلی اَحوال پر بھی اسی کو قدرت واختیار حاصل ہے۔

فتویٰ اسی پر ہے کہ میت کو دفن کرنے کے بعد پھر قبر کو کھودنا جائز نہیں ہے، البتہ کسی کو غصب شدہ زمین میں دفن کیا گیا یا دفن کے وقت کسی کا مال قبر میں گر پڑا یا کسی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنا ہے تو ایسی صورت میں قبر کھودنے کی اجازت ہے، تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے :ترجمہ:’’قبر پر مٹی ڈال دینے کے بعد میّت کو قبر سے نہیں نکالا جائے گا، سوائے اس کے کہ کسی انسان کا حق اس سے متعلق ہو ،مثلاً :غصب شدہ زمین میں دفن کیا گیا ہو یا حقِ شفعہ کی بناء پر کسی نے لے لی ہو، تو زمین کے مالک کو اختیار ہوگا کہ میّت کو قبر سے نکلوا دے یا زمین برابر کردے یعنی قبر کا نشان مٹادے ، (جلد:3، بیروت)‘‘۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheemjanggroup.com.pk