پی ایف یو جے کی اپیل پر بی یو جے کا احتجاج، یوم سیاہ منایا گیا

January 27, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر جمعرات کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرے کے شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ، صحافیوں نے یوم سیاہ منایا اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر فرائض انجام دئیے جبکہ کوئٹہ پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرایا گیا ، مظاہرے سے بی یو جے صدر عرفان سعید ، پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایوب ترین ، سابق صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار ،کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور دیگر رہنماوں نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ حکمران آزادی صحافت پر قدغن لگاتے ہوئے میڈیا کی زبان بندی کے در پے ہیں جب سے موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی ہے میڈیا ہاؤسز کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ مقررین نے نجی چینل کے عماد یوسف کے خلاف مقدمے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی تاریخ میں کسی صحافی کے خلاف اس قدر سنگین نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے کسی سیاسی رہنما کے بیان پر صحافی کو سزا کیسے دی جاسکتی ہے ۔ مقررین نے نجی نیوز چینل کے رپورٹر شاہد اسلم کی گرفتاری اور اس کے خلاف کارروائی کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عماد یوسف اور شاہد اسلم کے خلاف مقدمات ختم ، ارشد شریف قتل کیس کی شفاف تحقیقات مکمل اور پیکا آرڈیننس میں شامل جابرانہ شق کا خاتمہ کیاجائے۔