برازیلی شخص نے اپنی موت کی جھوٹی اطلاع کیوں دلوائی؟

January 27, 2023

برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے عجیب و غریب اقدام نے اس کے خاندان والوں اور دوستوں کو شدید ناراض کردیا۔

60 سالہ بلٹازار لیموز نے اپنی موت کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ وہ یہ دیکھ سکے کہ اس کی آخری رسومات اور جنازے میں کون کون شریک ہوا۔

بلٹازار لیموز جو ایونٹ اور رسومات منعقد کرنے کے شعبے سے وابستہ ہے اور اسے ایسی تقریبات کے انعقاد میں مہارت حاصل ہے۔ وہ اب تک جنازوں کی سیکڑوں رسومات کا انعقاد کرچکا ہے۔

اس کے مطابق ان میں سے بعض جنازوں میں صرف دو افراد شریک ہوئے جبکہ دیگر میں 500 تک بھی شامل ہوئے۔

حال ہی میں اس کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ وہ جائزہ لے کہ اگر وہ مرجائے تو اس کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں میں سے کتنے لوگ شریک ہوئے۔

لہٰذا اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائے گا تاکہ آخری رسومات میں شریک لوگوں کو دیکھ سکے۔

جس کے بعد 10 جنوری کو کسی نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ شیئر کی کہ نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ بلٹازار لیموز اب ہم میں نہیں رہے۔

جس کے بعد مزید اطلاعات آنا شروع ہوئیں جس میں ایک تصویر کے ساتھ یہ بھی تحریر بھی شامل تھی کہ وہ ساؤ پاؤلو کے ایک اسپتال میں ایڈمٹ رہے۔ اس کا خاندان تو سخت حیران و پریشان ہوگیا۔ جس پر اس کا ایک بھتیجا مذکورہ اسپتال گیا لیکن وہاں کے اسٹاف کے پاس اس کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

جب تعزیت کا سلسلہ شروع ہوا اور لوگوں نے موت کی وجہ معلوم کرنا شروع کی تو کسی کے پاس کوئی معلومات نہ تھیں۔

18 جنوری کو جب اس کے خاندان والے اور دوست ایک چرچ میں جمع ہوئے تو جنازہ رکھنے کی جگہ سے اس کی آواز آنے لگی جس پر دوست احباب یہ سمجھے کہ اس کی آواز کی ریکارڈنگ ہے، لیکن پھر وہ اچانک سامنے آگیا جس پر وہاں موجود لوگ حیران و پریشان ہوگئے، جس پربلٹازار لیموز نے خود ساری بات بتائی۔ تاہم وہاں موجود لوگوں نے اسے خوب برا بھلا کہا اور اس کے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کیا۔