نصیر آباد ریجن میں سیلاب متاثرین کیلئے اقدامات نہ اٹھانا باعث تشویش ہے، راحب بلیدی

January 28, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے نصیر آباد ریجن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کی جانب سے متاثرین کی بحالی کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہاہےکہ سیلاب کے دنوں میں بلند وبانگ دعووں اور اعلانات کے بعد حکومت سمیت تمام ادارے خاموش ہوگئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ نصیرآباد ریجن میں سیلاب متاثرین انتہائی کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ہزاروں کی تعداد میں خواتین بچے بوڑھے اب بھی کھلے آسمان تلے بے یار ومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہیں سیلاب متاثرین آج بھی خوراک، صاف پانی اور صحت کی سہولیات سے محروم ہے۔حکومت اور پی ڈی ایم نے تو اس وقت بڑے بڑے اعلانات اور دعوے کئے۔ مگر ان اعلانات کے حکومت اور پی ڈی ایم اے والے کہیں پر بھی نظر نہیں آرہے۔انہوں نے مطالبہ کیاہےکہ حکومت اور دوسرے ذمہ دار ادارے سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔