کیچپ و سرکہ بنانے والا جعلی یونٹ اورنمکو کارخانہ سیل

January 29, 2023

کوئٹہ(خ ن)غیر قانونی طریقے سے ناقص اشیاء تیار کرنے والے عناصر کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران غیر معیاری کیچپ، سویا ساس، چلی ساس اور سرکہ بنانے والا جعلی پروڈکشن یونٹ پکڑا گیا ۔ جتک اسٹاپ میں واقع پروڈکشن یونٹ سے کراچی کا ایڈریس ظاہر کردہ کیچپ اور سرکہ وغیرہ تیار کرکے سپلائی و فروخت کیا جارہا تھا ، مس لیبلنگ اور قوانین کی خلاف ورزی پر یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف اشیاء کے نمونے لیکر تفصیلی لیبارٹری تجزیئے کیلئے بھجوا دیئے گئے جن کی مفصل لیب رپورٹ آنے پر ذمہ داران کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ دوران معائنہ آپریشن ٹیم نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک نمکو کارخانہ بھی سیل کردیا گیا جس کی وجوہات بغیر رجسٹریشن و فوڈ بزنس لائسنس نمکو کی تیاری و سپلائی اور نمکو ذخیرہ کرنے کے انتہائی غیر صحت بخش حالات بتائے گئے ۔ علاوہ ازیں جوائنٹ روڈ میں قائم ایک معروف بیکری کے بیکنگ یونٹ کو گزشتہ ہدایات کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی اور حتمی اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے جعل ساز مافیا کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں ، صوبہ بھر میں خوراک کے کاروبار میں جعلسازی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کی ہدایات کے مطابق بلوچستان بھر میں محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔