کوئٹہ، نمائشی میچ کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

January 31, 2023

فائل فوٹو

کوئٹہ میں 5 فروری کو بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش، سیکیورٹی، شائقین کے داخلے اور کھلاڑیوں کی آمد و رہائش سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام نے اجلاس نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش سیکیورٹی شائقین کے داخلے کھلاڑیوں کی آمد و رہائش میڈیا کوریج ٹریفک کی آمد و رفت اور روٹ سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر عمران گچکی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں میچ کا انعقاد وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ممکن ہو سکا ہے اور وزیراعلیٰ کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے علاوہ کوئٹہ میں دیگر بین الاقوامی میچوں کا انعقاد بھی ہو، نمائشی میچ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کا ماحول کرکٹ کے لیے آئیڈیل ہے اور یہاں موسم گرما میں سمر کیمپ کا انعقاد بھی ہوسکتا ہے جس کے لیے پی سی بی سے بات چیت کی جارہی ہے امید ہے نجم سیٹھی اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملنا چاہیے، کوئٹہ میں کرکٹ میچوں کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آۓ گا۔

اجلاس میں میچ کے لئے کوآرڈینشن کمیٹی ر یسیپشن کمیٹی کے قیام کے علاوہ دیگر فیصلے بھی کئے گئے۔