ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں، سینیٹر ثمینہ

January 31, 2023

کوئٹہ ( پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر لسبیلہ کے قریب مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور رنج و غم اور41 قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔ مسافروں کو غیر ذمہ دار ڈرائیوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔قومی شاہراہوں پر مسافر کوچوں کی اوور سپیڈ اور ٹریفک قوانین کی پامالی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ انتہائی قابل افسوس ہے اور ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ کوچز اور بسوں کی مینٹینس چیکنگ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت کے لئے تمام شاہراہوں پراین ایچ اے کی جانب سے مکمل سہولیات فراہم ہونی چاہئیں اور ٹریفک قوانین پرمکمل عملدرآمد ہونے کے ساتھ حادثات سے بچنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔درایں اثناء سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب صدرعرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمدبلوچ اور کابینہ کوبی یوجے کے انتخابات میں بھرپور کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔