موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں تربیت کا معیار اعلیٰ ہے، ڈی جی ایف آئی اے

January 31, 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں ایف آئی اے کے185 زیرتربیت پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے بطور مہمان خصوصی پریڈ میں شرکت کی اس موقع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج سید حشمت کمال، ڈائریکٹر ٹریننگ ایف آئی اے اطہر وحید ڈپٹی کمانڈ نٹ عاطف شہزاد سمیت افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈی جی ایف آئی اے نےموٹروےپولیس ٹریننگ کالج کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ ایف آئی اے نے اپنے افسران کی ٹریننگ کے لیے موٹر وے ٹریننگ کالج کو جدید ترین رحجانات میں مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں تربیت فراہم کرنے کی بنیاد پر منتخب کیا۔ جہاں پر ایف آئی اے افسران کو نہ صرف ایمانداری ،اخلاقیات کے ساتھ تفتیشی مراحل کومکمل کرنے اور قانون کی حکمرانی کا بلا خوف و خطر نفاذ کرنے کی عملی تربیت دی گئی ۔کمانڈنٹ ٹریننگ کالج نے کہا کہ موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں دوسرےاداروں کے افسران کی ٹریننگ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ اعلی پیشہ ورانہ روایات کا حامل ہے،کمانڈنٹ ٹریننگ کالج نےکہا ایف آئی اے کے 170 مرد اسسٹنٹ سب انسپکٹرزکے ساتھ 15 خواتین افسروں نے بھی ٹریننگ حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 185 افسران کو قانون کی تعلیم کے ساتھ جسمانی فٹنس کی تربیت بھی دی گئی، انہوں نے کہا کہ کردار سازی کے ساتھ ساتھ سائبر کرا ئم ، امیگریشن، بینکنگ کرائم ، پولیس سٹیشن ورکنگ ،انٹی کرپشن پربھی لیکچرزدئیے گئے۔ محمد ذیشان شاہد آل راونڈ فرسٹ،حسنین الیاس بٹ فرسٹ ان ڈسپلن، محمد فیصل آل راونڈ فرسٹ ان پریڈ،شاہد اسلم آل راونڈ فرسٹ ان فزیکل ٹریننگ،مبشرہ شکیل آل راونڈ سیکنڈ،نصیب اللہ سیکنڈ ان اکیڈمک، عائشہ نجم سیکنڈ ان ڈسپلن،حمزہ عباس سیکنڈ ان پریڈ کواعزازت سے نوازا گیا۔