طلاق کے بعد علیزے کی زندگی کیسی گزر رہی ہے؟

January 31, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ رضا نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کے جواب میں اپنی زندگی کو بہترین قرار دے دیا۔

علیزے فاطمہ رضا اپنے سابق شوہر اور مقبول اداکار فیروز خان سے علیحدگی کے بعد سوشل میڈیا پر کافی متحرک دکھائی دے رہی ہیں جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ دنوں علیزے نے اپنی چند تصاویر اور ویڈیو کی مختلف پوسٹ شیئر کیں۔ جن پر سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کرتے رہتے ہیں۔

چند سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ علیزے فاطمہ بچوں کو ملنے والے اخراجات اس طرح خرچ کر رہی ہیں تو کسی کے مطابق انہیں شہرت کی خاطر طلاق لینے کا شوق تھا جبکہ بعض صارفین نے ان سے سوال کیا کہ اپنا نام کب تبدیل کریں گی؟‘۔

ایسا ہی ایک اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں ایک سوشل میڈیا صارف نے انہیں کہا کہ آپ نے ایک ہیرے جیسے آدمی کو کھودیا اللہ آپ کو ہدایت دے ، زندگی بڑی کڑوی ہے، آپ کے بیٹے اور بیٹی کا کیا مستقبل ہے بغیر باپ کے؟

مذکورہ صارف کی تنقید پر علیزے نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’حال بہترین اور مستقبل الحمداللہ‘۔

واضح رہے کہ کراچی کی فیملی کورٹ نے اداکار فیروز خان کو بیٹے سلطان کے لئے 50 اور بیٹی فاطمہ کے لئے 30 ہزار ماہانہ اخراجات کی مد میں دینے کا حکم دے رکھا ہے۔