یورپین اداروں کے قریب لوگوں پرچاقو سے حملہ آور شخص دہشت گرد نہیں ہے

February 01, 2023

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) برسلز پولیس کا کہنا ہے کہ یورپین اداروں کے قریب واقع میٹرو اسٹیشن شومین میں لوگوں پر چاقو سے ہونے والے حملے میں حملہ کرنے والا شخص دہشت گرد نہیں، حملے میں زخمی ہونے والے تین افراد میں سے اب صرف ایک ہسپتال میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار برسلز پولیس پراسیکیوٹر کی ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ پیر کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 5بجے یورپین دارالحکومت برسلزمیں یورپین کونسل، یورپین کمیشن اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفاتر کے نیچے واقع میٹرو سٹیشن شومین میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے لوگوں پر حملہ کردیا۔ جس میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں سٹیشن پر موجود پولیس نے اس شخص پر قابو پاکر اسے گرفتار کر لیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ حملہ آور کو گزشتہ روز جج کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اس پر اقدام قتل کا مقدمہ قائم کیا جائے گا لیکن اس دوران ملزم کے اس عمل کے پیچھے دہشت گردی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔