جنازے میں کون شرکت کرے گا، جاننے کیلئے برازیلین شخص نے اپنی جھوٹی موت کا ڈرامہ رچا دیا

February 02, 2023

جنازے میں کون شرکت کرے گا اور کون نہیں، یہ جاننے کی خاطر برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک متجسس شخص نے بذریعہ سوشل میڈیا اپنے ہی جنازے کا جھوٹا اعلان کر دیا۔

کہتے ہیں انسان جب زندہ ہو تو اس سے دو گھڑی ملاقات کرنے کے لئے کسی کے پاس وقت نہیں ہوتا لیکن اگر جب وہ اس دنیا سے چلا جاتا ہے تو اس کے جنازے میں شرکت کرنے جوق در جوق لوگ آجاتے ہیں۔

60 سالہ بالٹزار لیموس نامی شخص نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کا اعلان کرنے کے بعد اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے جعلی جنازے کا اہتمام کیا تاکہ یہ دیکھ سکے کہ اس کے جنازے میں کون شرکت کرے گا۔

بالٹزار لیموس اس دنیا سے رخصت پانے والوں کے جنازے کا انتظام کرتے ہیں، انہیں اپنے فرضی جنازے کا خیال اس وقت آیا جب انہوں نے ایک شخص کے جنازے میں صرف 2 افراد کو شرکت کرتے دیکھا تو وہ پریشان ہوگئے اور انہیں اپنے جنازے کے حوالے سے فکر لاحق ہوگئی۔

تاہم بالٹزار لیموس کا فرضی جنازے کا منصوبہ ان کے پیاروں کے لئے کسی قیامت سے کم نہ تھا۔

بذریعہ سوشل میڈیا انہوں نے اپنے پیاروں کو موت کی تفصیلات بتائے بغیر جنازے کے مقام اور وقت سے آگاہ کیا اور جنازے کی تیاریوں میں مشغول ہوگئے۔

یہ خبر موصول ہوتے ہی ان کے عزیز و اقارب پریشان ہوگئے اور خبر کی تصدیق کے لئے کسی نے اسپتال کا رخ کیا تو کوئی ایک دوسرے سے رابطہ کرتا رہا لیکن سب بے سود ثابت ہوا اور ان کے دوست اور خاندان والے تعزیت کے لیے بالٹزار لیموس شخص کے آبائی گاؤں پہنچ گئے۔

جہاں انہوں نے تابوت سے بالٹزار لیموس کی آواز سنی تو سب چونک اُٹھے اور اس کی موت کا سوگ منانے والوں نے مشتعل ہوکر اس پر جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگا دیا۔