صدر آزاد کشمیرآل پارٹیز کانفرنس بلائیں، چوہدری عظیم

February 03, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دورہ برطانیہ کے دوران کشمیر رابطہ کمیٹی میں شامل کشمیر ی جماعتوں پر مشتمل گول میز کانفرنس بلائیں تاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیاگفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر کی بربادیوں کے چرچے ہیں، اس پر سب جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنے کی ضروت ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ائندہ اجلاس سے قبل ایک نئی حکمت عملی اختیار کر نے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا پانچ اگست 2019کے بعد بھارت نے شملہ معاہدہ سبوتاژ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پرایک سنگین صورتحال پیداکی، آزاد کشمیر کیلئے مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں نشستیں مختص کی گئیں، اسی طرح آزاد کشمیر اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر اسمبلی کی نشستیں ہیں، کیا یہ صورتحال مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متبادل نظریہ ضرورت بن سکتی ہے، مسئلہ کشمیر کو آخر کشمیر ی قیادت نے حل کرنا ہے، اس لئے لندن میں کشمیر رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کے اقدامات کئے جائیں تا کہ قومی سطح پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔