امپورٹڈ حکومت نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے، پی ٹی آئی

February 03, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ ضلع کوئٹہ کی صدر صفیہ کاکڑ کی قیادت میں جمعرات کو مہنگائی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، شرکا نے مہنگائی کے خلاف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے ، مظاہرے سے پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ وومن ونگ کی صدر صفیہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ و نااہل حکومت نے پاکستان کے غریب اور متوسط طبقے سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے، پاکستانی عوام بنیادی ضرویات زندگی ، آٹا ، گھی ، چینی ، ادویات خریدنے تک کی سکت نہیں رکھتے اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو لوگ اجتماعی خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائنگے ، انہوں نے کہا کہ صرف دس ماہ پہلے پیٹرول کی قیمت 150 روپے تھی جو اب 250 روپے ہے 180 روپے کا ڈالر آج 265 روپے تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاء سینکڑوں گنا مہنگی ہوگئی ہیں جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے باوجود ناپید ہیں ، ملک میں مہنگائی کی شرح 43 فیصد ہے جس نے 48 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے اس کے باوجود امپورٹڈ ، نااہل اور کرپٹ حکومت اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے اور اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں جس کے خلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے ۔