’پٹھان‘ کا ہالی ووڈ سے موازنہ کیا گیا تو فلم کے ہدایتکار نے کیا کہا؟

February 03, 2023

فوٹو، کولاج

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے فلم کا موازنہ ہالی ووڈ کی فلموں سے کیے جانے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

سدھارتھ آنند نے گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ جب بھی آپ کوئی ایسی فلم بنائیں جوکہ غیر روایتی ہو تو اس کا موازنہ خودبخود ہی ہالی ووڈ کی فلموں سے ہونے لگتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ فلمیں بنانے کے لیے جو ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور بجٹ استعمال کیا جاتا ہے وہ بہتر معیار کا ہوتا ہے، ہمیشہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہم ہالی ووڈ کی نقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ہمارے پاس بہت محدود ذرائع ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے بھی کچھ عزائم ہیں اور ہمارے ہدایتکاروں میں بھی فلمیں بنانے کی صلاحیت ہے، لیکن ہماری رسائی محدود وسائل تک ہے کیونکہ ہماری فلمیں ایک ہی زبان میں بنتی ہیں جوکہ ہندی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری فلموں کے بزنس کا انحصار اس بجٹ پر ہوتا ہے جوکہ ہم اپنی حیثیت کے مطابق فلم بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سدھارتھ آنند نے انکشاف کیا کہ مجھے آج اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ میں مارول سنیمیٹک یونیورس کی فلموں کا مداح نہیں ہوں اس لیے میں نے بہت مشکل سے اس پڑوڈکشن کمپنی کی صرف چند ہی فلمیں دیکھی ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا ان فلموں کا مداح ہے یہاں تک کہ وہ مارول سنیمیٹک یونیورس کی فلموں کا چلتا پھرتا انسائیکلوپیڈیا ہے، وہ میری اسکرپٹس اوران کے لیے بنائی گئی میری سیکوئنسز دیکھ کر مجھے بتاتا ہے کہ یہ چیز آپ اپنی فلم میں نہیں کرسکتے کیونکہ یہ پہلے سے ہی کسی فلم میں ہوچکی ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ کبھی کبھی تو میں اپنے بیٹے کی باتیں سن کر پریشان ہوجاتا ہوں کہ بھئی آخر میں اپنی فلم میں کر کیا سکتا ہوں سب کچھ تو پہلے ہی کسی نہ کسی ہالی ووڈ فلم میں ہوچکا ہے تو پھر مجھے اپنےبیٹے سے مشورہ لینا پڑتا ہے کہ میں اپنی فلم کو پچھلی فلموں سے منفرد بنانے کے لیے کیا کروں۔

سدھارتھ آنند نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب مجھے بھی مارول کے مداحوں میں شامل ہونا پڑے گا اور مارول فلمز دیکھنا پڑیں گی تاکہ میں اپنی فلم میں کوئی بھی ایسیسیکوئنس نہ شامل کروں جوکہ فلمی شائقین پہلے سے ہی کسی فلم میں دیکھ چکے ہوں۔