کراچی میں تعینات نئے اسسٹنٹ کمشنر توجہ کا مرکز کیوں؟

February 03, 2023

بشکریہ انسٹاگرام

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے تھانے میں حال ہی میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر حاذم بنگوار اپنے فیشن اسٹائل کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

کون کہتا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اسٹائلش نہیں ہوسکتا؟ اسسٹنٹ کمشنر حاذم بنگوار سرکاری ملازم ہونے کے ساتھ ساتھ فیشن ڈیزائنر اور گلوکار بھی ہیں۔

فیشن کے شوقین حاذم بنگوار کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے مختلف پریمیئرز اور ریڈ کارپٹ کی تقریبات میں بھی شرکت کرتے رہتے ہیں۔


برطانوی گلوکارہ جیسی جے، امریکی گلوکار اور ریپرز فیوچر، فہیم راشاد نجم المعروف ٹی پین، جیسن ڈیرولو اور نکی میناج سمیت کئی گلوکاروں کے لئے گانے لکھنے کے بعد 2019 میں اپنا پہلا انگریزی گانا ’حرام‘ ریلیز کیا۔

بعدازاں انہوں نے مزید 4 گانے انگریزی زبان میں اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کئے جبکہ ’تجھ کو بھلایا‘ ان کا پہلا اردو گانا ہے۔

انہوں نے ان تمام گانوں پر مشتمل البم ’پلے ود فائر‘ گزشتہ برس ریلیز کی ہے۔


حاذم بنگوار 3 بین الاقوامی کمپنیوں کے برینڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔


انہوں نے ابتدائی تعلیم امریکی ریاست نیویارک سے حاصل کی پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے فیشن ڈیزائننگ اینڈ مارکٹنگ اور پھر قانون کی تعلیم (ایل ایل بی) حاصل کی۔

ان کی والدہ فیروز اکبر عراقی آرکیٹیکٹ ہیں جبکہ ان کے والد علی اکبر بنگوار نے پاکستان پولیس فورس میں بطور ڈی آئی جی خدمات انجام دیں۔

نرم مزاج کے مالک حاذم بنگوار انسانی درد بھی رکھتے ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے سماجی خدمت کی خاطر ’حازم بنگوار فاونڈیشن‘ کی بنیاد رکھی۔


حاذم بنگوار سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے پی ایم ایس افسر تعنات ہوئے اور اب بطور اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کے منفرد اسٹائل کے باعث شہریوں نے انہیں cool کمشنر کا ٹائیٹل دے دیا۔