پاک انڈونیشیا تجارت کا حجم 3بلین ڈالر سے بڑھ گیا، انڈونیشین قونصل جنرل

February 05, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہادیننگراٹ نے کہا ہےکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارت کا حجم گزشتہ سال 3 بلین امریکی ڈالر سے بڑھ گیا ہے جو کہ2021کے مقابلے میں28فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے،انھوں نے مستقبل میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے انڈونیشیا اور پاکستانی نوجوانوں اور بچوں کو جوڑنے کے علاوہ کاروباری برادریوں کے درمیان بہتر روابط کے ذریعے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس مقصد کے لیے، انڈونیشیا پاکستان یوتھ فورم ہماری نوجوان نسل کو ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کھولا گیا ہے جو کہ مواقع پیدا کرنے کے لیے رہنمائی کرے گا جبکہ ایک اور فورم انڈونیشیا پاکستان چلڈرن فرینڈشپ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ہمارے بچے ایک دوسرے کے بارے میں مزید جان سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر محمد طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد، نائب صدر حارث اگر، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائزن سب کمیٹی ضیاء العارفین، سابق صدر مجید عزیز، سابق نائب صدر شمس الاسلام خان اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔.انڈونیشین قونصل جنرل نے کے سی سی آئی کی جانب سے انڈونیشین تاجر برادری کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈونیشین قونصل خانہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سیاستدانوں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرتا ہے لیکن وہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے نجی شعبے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔