پاک کالونی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر چوری، 12 ملزمان گرفتار

February 08, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے واٹر بورڈ کے سیکیورٹی گارڈ تعینات کردیے، اس ضمن میں سی ای او واٹر بورڈ کے احکامات پر چیف سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ نثار احمد مگسی اور میجر ریٹائرڈ عبدالمجید اعوان کی سربراہی میں پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر آپریشن کیا گیا، کارروائی کے دوران 12 ملزمان کو موقع پر ہی حراست میں لیکر پاک کالونی تھانہ پولیس کے حوالے کردیا، واٹر بورڈ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا جائے گا، سی ای او واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ چوری میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔