اسپین نے گھر سے کام کرنے والے افراد کیلئے ویزا پروگرام متعارف کرا دیا

February 09, 2023

بارسلونا (نیوز ڈیسک) اسپین نے باضابطہ طور پر ورک فرام ہوم (گھروں میں رہ کر کام) کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔اس پروگرام کے تحت جاری ہونے والے رہائشی ویزا کی معیاد 5سال تک ہوگی۔اس ویزے کے ساتھ ایک نئے اسٹارٹ قانون کو بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد اسپین میں ٹیکنالوجی مارکیٹ کو نئی زندگی فراہم کرنا ہے۔ اس قانون کی منظوری اسپین کی پارلیمنٹ نے نومبر 2022میں دی تھی جبکہ حتمی منظوری کانگریس نے دسمبر کے آخر میں دی۔اس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد کا تعلق یورپی یونین سے باہر کے کسی ملک سے ہونا ضروری ہے۔ان افراد کے پاس ملازمت کا معاہدہ ہونا بھی ضروری ہوگا یا فری لانس کام کی صورت میں انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اسپین سے باہر کی کسی کمپنی کیلئے مستقل کام کررہے ہیں۔ان افراد کو ملازمت کے ایسی دستاویزات جمع کرانا ہوں گے جن سے ثابت ہو کہ وہ گھر پر رہ کر کام کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی ڈگری یا 3سالہ پیشہ وارانہ تجربے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ان کی ماہانی آمدنی کم از کم 1260یورو (3لاکھ 70ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہونا ضروری ہے۔گزشتہ 5سال کے دوران اسپین اور آبائی ملک میں کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو،ہیلتھ انشورنس ہونا لازمی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل نوماڈ ویزا کے لیے اپلائی کرنے والے افراد کی کم از کم تنخواہ اسپین میں کام کرنے والے افراد کی کم از کم تنخواہ سے 200فیصد زیادہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اگر آپ ان شرائط پر پورے اترتے ہیں تو اپنے ملک میں اسپین کے قونصل خانے یا سفارتخانے کے ذریعے اس ویزا پروگرام کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں،اس پروگرام کے بعد اسپین ان دیگر یورپی ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو اس طرح کے ویزے جاری کررہے ہیں، ہر ملک نے اس حوالے سے اپنے اصول و ضوابط طے کئے ہیں۔ مثال کے طور پر کروشیا میں درخواست گزاروں کی کم از کم ماہانہ آمدنی 23سو یورو ہونا ضروری ہے جبکہ پرتگال میں 3040 یورو ماہانہ آمدنی کی شرط رکھی گئی ہے۔