انسدادِ پولیو مہم 13 مارچ سے شروع ہو گی، وزارتِ صحت

March 12, 2023

—فائل فوٹو

وزارتِ صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کل 13 مارچ سے شروع ہو رہی ہے، یہ مہم 2 مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیرِ صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو ہر مہم میں حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 13سے 17 مارچ تک سندھ کے 16 اضلاع اور اسلام آباد میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی۔

قادر پٹیل نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہو گا۔

وفاقی وزیرِ صحت نے یہ بھی کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بلوچستان کے 12 اور خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں پولیو مہم ہو گی۔