اسلام آباد ادبی میلہ جاری، ملک کے نامور لکھاریوں، شعراء، فنکاروں کی شرکت

March 19, 2023

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد ادبی میلہ 2023 کی سر گر میاں ہفتہ کو دوسرے روز بھی جاری رہیں۔ادبی میلے میں ادب سے تعلق رکھنے والے ملک کے نامور لکھاری، شعراء،فنکار حصہ لے رہے ہیں۔ میلے میں ادب سے پیار کرنے والے شہری بھی بھر پور شرکت کر رہے ہیں۔ میلے کے دوسرے روز ادب کی اہمیت اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز پیش کیے گئے۔اس ادبی میلے کے انعقاد میں جنگ گروپ سی ڈی اے کا میڈیا پارٹنر ہے۔میلے کے دوسرے روز پاکستانی زبانوں کے 75 سال پروگرام پیش کیا گیا۔یہ پروگرام پینل ڈسکشن پر شامل تھا جس میں ڈاکٹر عابد سیال، حفیظ خان، ڈاکٹر صغرا صدف، ڈاکٹر واحد بخش بزدار، اباسین یوسف زئی، ڈاکٹر محمد یوسف خشک اور نامور صحافی اور کالم نگار سلیم صافی نے شرکت کی۔پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر عابد سیال نے انجام دیئے۔ حفیظ خان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانیوں میں اپنی زبان،فنون، لباس،کلچر اور تمدن سے متعلق آگاہی بڑھتی جا رہی ہے۔ ہمیں اپنے علاقائی کلچر کے علاوہ قومی کلچر کی شکل میں آگے بڑھتے ہوئے اور دنیا کے جدید طریقوں کو اپناتے ہوئے ملک کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنا ہو گا۔ڈاکٹر صغرا صدف نے کہا ہمیں چاہیے کہ مادری زبان کو تعلیم کا حصہ بنایا جائے جس سے رٹے کا کلچر ختم ہو گا اور ہمارا ملک ترقی کرے گا، ڈاکٹر واحد بخش بزدار نے کہا کہ برہوی 900 قبل مسیح کی زبان ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ یہاں پر رہنے والے کتنے عرصے سے یہاں پر بستے ہیں۔ اباسین یوسف زئی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی ہے جن کی تعلیم انکی اپنی زبانوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا راز اپنی ثقافت اور زبان کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی زبان کے ساتھ جڑے رہیں اور دنیا کی زبانوں کو سمجھ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 76 زبانیں بولی جاتی ہیں۔ قومی تشخص کو جانچنے کا ایک پیمانہ یہ بھی ہے کہ وہاں پر کتنی زبانیں بولی جاتی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ہم نہ صرف علاقائی زبانوں کو بچا سکتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کرسکتے ہیں۔ سلیم صافی نے کہا ہمیں چاہیے کہ اپنی ثقافت کی بنیادی اکائیوں کے ساتھ دنیا کے جدید طریقوں کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔ ادبی میلے کے دوسرے روز پروگرام گندھارا۔میلٹنگ پوٹ آف سولائزیشنزپیش کیا گیا۔