کراچی( سید محمد عسکری ) سندھ حکومت کے سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں واقع سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کا دورہ کیا۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے ایس ایف ڈی ایل کے انچارج ڈاکٹر اشتیاق احمد خان اور دیگر حکام کے ہمراہ صوبائی سیکریٹری صحت کا استقبال کیا۔ سیکریٹری ریحان اقبال بلوچ کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری عامر ضیاء اسرن، ڈپٹی سیکرٹری دادن خان لاشاری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ شائستہ جبین بھی موجود تھی۔ آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات کے دوران، سیکرٹری صحت نے صوبے میں جدید فارنزک سائنس کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایس ایف ڈی ایل کی اعلیٰ معیار، پیشہ ورانہ مہارت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کی مدد میں اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے آئی سی سی بی ایس انتظامیہ اور ایس ایف ڈی ایل ٹیم کی سندھ میں فارنزک سائنس کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی محنت اور لگن کی بھی تعریف کی۔ اس سے قبل پروفیسر رضا شاہ نے مالیکیولر میڈیسن، ڈرگ ریسرچ اور فارنزک سائنس کے شعبوں میں آئی سی سی بی ایس کے قیام، ترقی اور خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔