پیمرا کی کسی بھی ریلی، عوامی اجتماع جلوس کی لائیو کوریج پر پابندی

March 19, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی پارٹی کی طرف سے کسی بھی قسم کی ریلی، عوامی اجتماع، جلوس کی لائیو/ریکارڈ کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے 18مارچ 2023کو جاری کئے گئے خط کے مطابق پیمرا آرڈینینس 2002کے سیکشن 27کے تحت لائیو کوریج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیمرا کے مطابق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں امن و امان/سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے سے موصول ہونے والے 18 مارچ 2023 کے خط کے حوالے سے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیمرا خط میں کہا گیا ہے کہ تشویش کے ساتھ دیکھا گیا ہے کہ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پرتشدد ہجوم، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی لائیو فوٹیجز/تصاویر دکھا رہے ہیں۔ لاہور میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان حالیہ تعطل کے دوران ایسی فوٹیجز/تصاویر ٹی وی سکرینوں پر بغیر کسی ادارتی نگرانی کے دکھائی گئیں جس میں پرتشدد ہجوم نے پیٹرول بموں کا استعمال کیا، پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا اور پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔