اسرائیل مسجد اقصیٰ میں مداخلت سےباز رہے، فلسطین

March 20, 2023

قاہرہ (نیوز ڈیسک)ماہِ رمضان کے دوران بیت المقدس میں مسلمانوں کو عبادت کی مکمل آزادی کیلئے مصر کی ثالثی میں فلسطین اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے سے قبل مغربی کنارے میں تشدد کے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مصر نے فریقین کو امن مذاکرات کی دعوت دی ہے۔امریکہ اور اردن کی کوششوں سے اسرائیل اور فلسطین کے حکام مصر میں شرم الشیخ کے ریزورٹ شہر پہنچ گئے۔ جہاں مصر، امریکہ اور اردن کے حکام بھی موجود تھے۔مذاکرات میں ماہ رمضان میں قیام امن کے ساتھ ساتھ بیت المقدس میں مسلمانوں کو مکمل اور بلا تعطل عبادتیں کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور مغربی کنارے میں کشیدگی میں کمی پر زور دیا گیا۔مصر کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شرم الشیخ میں ہونے والی اس ملاقات کا مقصد فلسطین میں تشدد کے خاتمے اور پُر امن رہنے کیلئے بات چیت کی حمایت کرنا ہے۔