جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں موسم بہار کی شجر کاری مہم

March 20, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف فارماسوٹیکل سائنسز(آئی پی ایس) کی اسٹوڈنٹ ایڈوائزر اور شعبہ فارماسوٹیکل کیمسٹری کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر کرن رفیق کی سربراہی میں موسم بہار کا خیر مقدم کرنے کیلئے شجر کاری مہم اور کلچر ریپاسٹ (ثقافتی کھانوں) کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر آئی پی ایس کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ہماعلی اور ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر ہما شریف نے ائی پی ایس کی دیگر فیکلٹی کے ہمراہ گو گرین کے عنوان سے منعقدہ شجرکاری مہم کے دوران جامعہ میں درجنوں پودے لگائے۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے پیغام میں شجرکاری مہم اور درختوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ درختوں نے انسانی تاریخ میں اب تک کروڑوں زندگیوں کا تحفظ کیا ہے، درختوں کے بے شمار فوائد میں سے ایک انسانوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، صحت مند ماحول ملنے سے انسان کئی بیماریوں سے بچ سکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک میں معیشت کیساتھ ساتھ شجر کاری پر بھی توجہ دی گئی جس سے وہاں کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ ہوا، وائس چانسلر نے عوام سے بھی درخت لگانے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔