لاہور ( نیوزرپورٹر) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط کردار، خود احتسابی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار ہی کرپشن فری معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی مختلف شکلوں میں ظاہر ہوتی ہے اور اس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) اور قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے اشتراک سے رشوت اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور مرزا فاران بیگ، سابق صوبائی وزیر اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، چیف ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیمینار میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی اخلاقی تربیت وقت کی بنیادی ضرورت ہے۔