مردم شماری درست ہورہی ہے تو پی پی اور قوم پرست مل گئے ہیں، متحدہ

March 21, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے راہنمائوں کا کہنا ہے کہ صبر کی انتہا ہوچکی، اب ظلم کے خلاف مزاحمت کریں گے،سندھ حکومت شہری علاقوں میں رہنے والوں کی نسل کشی کررہی ہے، ہم جتنا کھو سکتے تھے، کھو چکے! اب مرنے سے نہیں ڈرتے، سندھ حکومت نے اگرقوم پرستوں کے ساتھ مل کر کسی قسم کی ڈرامے بازی کی تو پھر آپ بھی سمجھ لیں کہ آپ کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پہلی بار مردم شُماری درست ہورہی ہے تو پی پی پی آل پارٹیز کانفرنس بلواکر قوم پرستوں سے لغویات بلوارہی ہے،،سندھ میں بسنے والی تمام قومیتوں کے افراد نے ایم کیو ایم کے جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثابت کردیا کہ وہ متحدہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ایک سیاسی جماعت اپنی ذاتی خواہشات کے لئے ٹوئیٹر پر ٹرینڈز چلاکر ریاستی اداروں کو ڈرا دھمکا رہی ہے،اگر کراچی والوں کو صحیح شمار کرلیا گیا تو سندھ کا اگلا وزیر اعلی کراچی سے ہوگا، صنعت کاروں، تاجروں اور اورسیز پاکستانیوں کی جائز زمینوں پر قبضہ کیا جارہاہے، صنعت کار اور تاجر اس ظلم سے تنگ آکر اپنی سرمایہ کاری ملک سے باہر لے جانے کی بات کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور سید مصطفیٰ کمال ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی و اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ساتھ پیر کو یہاں متحدہ کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں ہر روز ایک نیا ڈراما رچایا جاتاہے، ان تمام تر چیلنجز کے باوجود ہم نے کراچی کی حالیہ تاریخ کا ایک بڑا جلسہ کیا،ہم دل کی گہرائیوں سے تمام کارکنوں و ذمے داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے15 سال اور پی ٹی آئی نے 4 برس میں کراچی والوں کو کچھ نہیں دیا، سندھ حکومت شہری علاقوں میں رہنے والوں کی نسل کشی کررہی ہے، ہمیں شمار کرنے سے ڈرنے والے یہ بتائیں کہ پھر ہم کس درجے کے پاکستانی ہیں؟ قیام پاکستان کے لئے 20 لاکھ جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو بتایا جائے کہ ہمیں کیوں درست شمار نہیں کیا جاتا؟ ریاست پاکستان ہمیں اپنے آئین میں تحفظ فراہم کرے، اب جو بھی وزیر اعظم بنے گا اسے پہلے ہمارے بنائے گئے مسودے پر عمل کرنا ہوگا ا ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 39 ویں یومِ تاسیس کے جلسے کا مقصد ایک نئے سفر کے آغاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی تحریک کے قائم ہونے کا آغاز بھی ہے، تمام علاقوں کے پاکستانی جو خصوصاًکراچی میں مقیم ہیں، ہم ان سب کے ساتھ مل کر کراچی والوں کی نسل کشی روکیں گے، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور نواب شاہ کے نوجوانوں کو روزگار ملے نہ ملے، مگر جنہیں جمعہ جمعہ چار دن ہوئے ہوں کراچی آئے ہوئے انہیں نوکریاں مل جائیں! جن کا میٹرک بھی یہاں کا نہ ہو۔