غلط معلومات کیخلاف ڈیجیٹل میڈیا، جامعات اکٹھے ہوگئے

March 21, 2023

اسلام آباد (فخر درانی) پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کے صحافت اور ابلاغ عامہ کے کئی شعبوں، آزاد ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز، صحافیوں کی انجمنوں، میڈیا رائٹس گروپس اور سول سوسائٹی کی تنظیموں اور کارکنوں کے گروپس نے ’کولیشن اگینسٹ ڈس انفارمیشن‘ کا آغاز کیا ہے تاکہ مفاد عامہ کی صحافت کو مختلف ذرائع سے اس کی ساکھ کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔ اس مکالمے کی میزبانی اسلام آباد میں پاکستانی میڈیا رائٹس واچ ڈاگ فریڈم نیٹ ورک اور ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان نے کی۔ کانفرنس ’’اکیڈمیا اینڈ میڈیا: پروموٹنگ میڈیا لٹریسی آن کاؤنٹرنگ ڈس انفارمیشن‘‘ میں مختلف جرنلزم اسکولوں کے شعبہ جات کے سربراہان، اسکالرز، ڈیجیٹل صحافی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن وغیرہ نے شرکت کی۔ کولیشن نے ایک فاؤنڈیشن چارٹر کی منظوری دی جس کا مقصد آن لائن غلط معلومات کے خلاف تحفظات کے بارے میں عوامی بیداری کو بڑھانا اور اہم اسٹیک ہولڈرز جیسے اکیڈمیا، ڈیجیٹل میڈیا اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر حقائق پر مبنی معلومات کی حمایت کرنا ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک نے کہا کہ یہ کولیشن آن لائن غلط معلومات کے مسئلے کے اجتماعی اور تعاون پر مبنی حل کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غلط معلومات کے بڑے پیمانے اور پیچیدگی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی واحد فرد، گروہ یا تنظیم اسے حل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ میڈیا ڈویلپمنٹ کے ماہر عدنان رحمت نے کہا کہ غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کی مشترکہ کوششوں میں اکیڈمیا ایک گمشدہ کڑی ہے۔ DigiMAP کے سیکرٹری جنرل عدنان عامر نے کہا کہ پاکستان میں صحافت کا مستقبل دیگر جگہوں کی طرح ڈیجیٹل ہے اور ابھرتے ہوئے آزاد آن لائن مفاد عامہ کی صحافت کے پلیٹ فارم غلط معلومات کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف کمزور ہیں۔